سندھ میں 500 الیکٹرک بسوں کی خریداری کی تیاری، 50 ڈبل ڈیکر نومبر تک متوقع
سندھ حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں 500 نئی الیکٹرک بسوں کی شمولیت کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 50 ڈبل ڈیکر بسیں 30 نومبر تک پہنچنے کا امکان۔
23 ستمبر 2026, 9:23 صبح
سندھ حکومت نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 500 الیکٹرک بسیں خریدنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ اس ضمن میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے بسوں کی خریداری کے لیے سمری تیار کر کے صوبائی کابینہ کو ارسال کر دی ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد یہ بسیں صوبے کے مختلف شہروں میں مرحلہ وار متعارف کرائی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت صرف کراچی تک محدود نہ رہے، اس مقصد کے تحت پیپلز بس سروس کے پھیلاؤ کا دائرہ بڑھایا جا رہا ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ نئے روٹس متعارف کروانے کا مقصد شہریوں کو بہتر اور سستا سفری ذریعہ فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق 50 ڈبل ڈیکر بسیں 30 نومبر تک سندھ پہنچ جائیں گی، جنہیں مختلف روٹس پر چلایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد شہریوں کے سفر کے لیے اضافی گنجائش اور سہولت فراہم کرے گی۔ شرجیل میمن نے یہ بھی بتایا کہ قمبر شہدادکوٹ سمیت بعض شہروں میں پیپلز بس سروس کو عوام کی مثبت پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور شہری اس جدید سفری سہولت کو سراہ رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کا یہ منصوبہ صوبے کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں اہم اضافہ ہوگا اور شہری علاقوں میں ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
اسی زمرے سے
کراچی میں شدید گرمی، 18 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا
3 گھنٹے قبل
آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم کو لاہور ہائیکورٹ نے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا
7 گھنٹے قبل
پنجاب حکومت نے لانگ مارچ کے دوران فوج اور رینجرز کی طلبی کی سفارش کردی
7 گھنٹے قبل
خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ: نئے مجوزہ قانون کی اہم شقیں سامنے آگئیں
9 گھنٹے قبل