بدھ, 23 ستمبر 2026
around.pk

پاکستان و دنیا کی خبریں

پاکستان

آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم کو لاہور ہائیکورٹ نے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پولیس کی خراب کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔

23 ستمبر 2026, 12:55 شام

لاہور ہائیکورٹ میں چوہنگ پولیس کے اہلکاروں سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے شہری میاں محمد جمیل کی درخواست پر کارروائی کی۔

عدالتی کارروائی کے دوران ایس پی عبداللہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے ایس پی عبداللہ کو ایف آئی آر پڑھنے کا کہا، تاہم وہ ایف آئی آر نہ پڑھ سکے۔ اس پر چیف جسٹس نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پورے پنجاب میں یہ حال ہے کہ ایف آئی آر بھی پڑھنے کے قابل نہیں ہوتی۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ ایف آئی آر میں مکھیاں بنی ہوئی ہیں اور ان کا سائز بھی بڑا ہوتا ہے۔ انہوں نے پنجاب میں پولیس کے نظام پر افسوس کا اظہار کیا۔

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ 2021 میں سیشن کورٹ نے اُن کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا جس کو انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے مقدمہ درج کرنے کے حکم کو معطل کردیا تھا، اس کے باوجود عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

عدالت نے اس تمام صورتِ حال پر آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم کو کل ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا۔

اسی زمرے سے