بدھ, 23 ستمبر 2026
around.pk

پاکستان و دنیا کی خبریں

پاکستان

پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، عوامی اجتماعات پر پابندی

پنجاب میں 23 ستمبر سے 5 اکتوبر تک پانچ یا زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

23 ستمبر 2026, 10:15 صبح

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت 23 ستمبر سے 5 اکتوبر تک عوامی مقامات، سڑکوں اور کھلی جگہوں پر پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے اجتماع، ریلی، جلوس یا اکٹھ پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہر قسم کے ہتھیار ساتھ رکھنے اور ان کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی جبکہ کسی غیر قانونی اجتماع میں لوگوں کو شرکت پر اکسانے یا ترغیب دینے کی بھی ممانعت ہے۔

پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں پر نہیں ہوگا جبکہ عدالتیں، حکومتی ادارے اور باضابطہ اجازت سے ہونے والی تقریبات اس فیصلے سے مستثنیٰ ہیں۔ ڈیوٹی پر موجود قانون نافذ کرنے والے اہلکار، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور سکیورٹی اہلکار بھی پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔

محکمہ داخلہ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کو فوری نوعیت کے خطرات کے بارے میں اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ انٹیلیجنس رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں عوامی اجتماعات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں اور ایسے اجتماعات دہشت گرد حملوں کے لیے آسان ہدف ہو سکتے ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے فوری حفاظتی اقدامات میں تعاون کی درخواست کی تھی، جس کے بعد سیکرٹری داخلہ نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 (6) کے تحت یہ پابندی عائد کی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کے لیے عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

اسی زمرے سے