بدھ, 23 ستمبر 2026
around.pk

پاکستان و دنیا کی خبریں

پاکستان

کراچی میں شدید گرمی، 18 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا

کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ چودہ سے اٹھارہ گھنٹے تک پہنچ گئی، پانی کی شدید قلت اور گرمی کے باعث عوام پریشان، احتجاج جاری۔

23 ستمبر 2026, 5:04 شام

کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں درجہ حرارت عروج پر ہے اور اس کے ساتھ ہی بجلی اور پانی کی طلب میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ بندش کا دورانیہ چودہ سے اٹھارہ گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں کورنگی، لانڈھی، ایف سی ایریا، لیاقت آباد، سرجانی ٹاؤن، اور اورنگی ٹاؤن سمیت دیگر بستیاں شامل ہیں جہاں بجلی کی بندش نے عوام کو سخت مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ نہ دن میں بجلی ملتی ہے اور نہ ہی رات میں، جس کی وجہ سے پانی کی شدید قلت بھی سامنے آ رہی ہے۔

ایف سی ایریا میں اسکول کے بچوں نے کے الیکٹرک کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا اور کہا کہ مسلسل لوڈشیڈنگ کے سبب ان کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق بجلی بند ہونے کے باعث پانی کی موٹرز نہیں چل رہیں اور تین دن سے گھر میں پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں آیا، جس کے باعث انہیں پانی خریدنا پڑ رہا ہے۔

ایک رہائشی نے بتایا کہ ان کے والد دل کے مریض ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں ٹھنڈے ماحول میں رکھنے کا مشورہ دیا ہے مگر پنکھا بھی نہیں چل پا رہا۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ جو لوگ باقاعدگی سے بل جمع کراتے ہیں انہیں بلا تعطل بجلی اور پانی فراہم کیا جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے بارے میں متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ جبکہ ترجمان نے پہلے کہا تھا کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، مگر شہری اس بیان کو مسترد کرتے ہیں اور اپنی مشکلات کے حل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اسی زمرے سے