پنجاب حکومت نے لانگ مارچ کے دوران فوج اور رینجرز کی طلبی کی سفارش کردی
پنجاب حکومت نے 27 ستمبر کو متوقع پی ٹی آئی لانگ مارچ کو مدنظر رکھتے ہوئے فوج اور رینجرز کے دستے تعینات کرنے کیلئے وفاقی حکومت کو باضابطہ درخواست ارسال کردی ہے۔
23 ستمبر 2026, 12:29 شام
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو متوقع لانگ مارچ سے نمٹنے کے لئے فوج اور رینجرز کی خدمات حاصل کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو باضابطہ خط لکھا ہے۔ اس خط میں راولپنڈی میں فوج جبکہ اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی کی استدعا کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے اپنے خط میں 5 اکتوبر تک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست کی ہے۔ اس ضمن میں محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے وفاقی حکومت کو خط بھیجاجاچکا ہے۔
خط کے مطابق راولپنڈی میں رینجرز کی تین کمپنیوں، اٹک میں پانچ ونگز اور جہلم و میانوالی میں ایک ایک کمپنی تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس تجویز کی منظوری کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے 59ویں اجلاس میں دی گئی۔
رینجرز کی تعیناتی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 245، انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعات 4 اور 5 اور پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کی دفعات 7(ب) اور 10 کے تحت ہوگی۔ سرکاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی لانگ مارچ اور احتجاج سے نمٹنے کے لیے پنجاب سمیت سندھ سے بھی ہزاروں کی تعداد میں اضافی نفری اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک طلب کی گئی ہے۔ اٹک میں 30 ہزار سے زائد اضافی نفری کے مسائل سامنے آئے، جہاں بعض پولیس اہلکاروں نے کھانا نہ ملنے کی شکایات بھی حکام تک پہنچائیں۔ تاہم بیان کے مطابق شکایات کے بعد کھانا فراہم کردیا گیا اور اب کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔
اسی زمرے سے
کراچی میں شدید گرمی، 18 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا
3 گھنٹے قبل
آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم کو لاہور ہائیکورٹ نے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا
7 گھنٹے قبل
خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ: نئے مجوزہ قانون کی اہم شقیں سامنے آگئیں
9 گھنٹے قبل
اسلام آباد میں 3 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل، بہنوئی گرفتار
9 گھنٹے قبل