بدھ, 23 ستمبر 2026
around.pk

پاکستان و دنیا کی خبریں

دنیا

سلامتی کونسل کی کوہاٹ مسجد حملے کی مذمت، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

سلامتی کونسل نے کوہاٹ کی مسجد پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی پر زور دیا ہے۔

23 ستمبر 2026, 1:10 صبح

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خیبرپختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں مسجد پر ہونے والے خودکش دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اس واقعے میں کم از کم 24 افراد شہید اور 88 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں قانون نافذ کرنے والے اہلکار اور عام شہری شامل ہیں۔

سلامتی کونسل کے صدر اور فرانس کے نمائندے جیروم بونافون کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 18 ستمبر 2026 کو پیش آنے والا یہ خودکش حملہ نہایت سنگین اور بزدلانہ تھا۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ اس حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ گروہ نے قبول کی ہے۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔

بیان میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کی ہر شکل کو ناقابل قبول اور مجرمانہ قرار دیا جاتا ہے، خواہ اس کا مقصد یا محرک کچھ بھی ہو۔

سلامتی کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ اس حملے کے ذمہ داروں، منصوبہ سازوں، مالی مدد کرنے والوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور اس حوالے سے تمام ممالک کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حکومت پاکستان سے تعاون کی تاکید کی ہے۔