کراچی: مسجد کے پیش امام گھر میں فائرنگ سے جاں بحق
سرجانی ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مسجد کے پیش امام محمد منیر جاں بحق ہوگئے، پولیس نے شواہد اکٹھا کرکے تفتیش شروع کردی۔
22 ستمبر 2026, 11:55 صبح
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر لیاری 36 میں واقع ایک گھر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مسجد کے پیش امام کو قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جمعہ کی صبح پیش آیا جس پر پولیس نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر شواہد اکٹھا کیے۔
مقتول کی شناخت 32 سالہ محمد منیر ولد رشید احمد کے نام سے ہوئی، جو جامع مسجد فیضان یوسف سے متصل دو کمروں کے گھر میں اکیلے مقیم تھے۔ پولیس کے مطابق محمد منیر مسجد میں امامت کے ساتھ تعویز بھی دیتے تھے اور ان کا تعلق اوچھ شریف سے تھا۔
ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن ناصر محمود نے بتایا کہ محمد منیر کی طبیعت ناساز تھی اور اسی وجہ سے وہ اس روز مسجد نہیں گئے تھے اور گھر میں ہی مقیم تھے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق صبح سے دو مشکوک افراد موٹر سائیکل پر مقتول کے گھر کے ارد گرد گھومتے دیکھے گئے۔ بعد ازاں موقع پا کر یہ افراد گھر میں داخل ہوئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مقتول اور ملزمان کے درمیان بات چیت اور جھگڑا بھی ہوا، جس کے دوران فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ کے نتیجے میں محمد منیر کو دو گولیاں سینے اور گردن پر لگیں، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق دونوں مسلح ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ ابتدائی طور پر فائرنگ کے واقعے کی نوعیت کے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ پولیس نے شواہد اکٹھا کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
اسی زمرے سے
پنجاب اسمبلی میں سرکاری اسپتالوں کی حالت پر تشویش، ن لیگی رکن کی تحریک التوا
18 گھنٹے قبل
پی ٹی آئی احتجاج کے باعث کئی مرکزی شاہراہیں اور موٹر ویز بند کرنے کا فیصلہ
18 گھنٹے قبل
پی ٹی آئی احتجاج، اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات
18 گھنٹے قبل
پاکستان ریلوے میں کفایت شعاری، ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس معطل، سرکاری فیول میں کمی
23 گھنٹے قبل