پنجاب اسمبلی میں سرکاری اسپتالوں کی حالت پر تشویش، ن لیگی رکن کی تحریک التوا
سرکاری اسپتالوں میں سہولیات اور ادویات کی کمی، ڈاکٹرز پر جرمانے اور ملک سے ہجرت پر پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی جانب سے تحریک التوا جمع کروائی گئی۔
22 ستمبر 2026, 4:54 شام
مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی امجد علی جاوید نے سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کی کمی اور ڈاکٹرز کو درپیش مسائل کے حوالے سے اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروائی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ تحریک ڈاکٹروں کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو لکھے گئے مبینہ خط کے بعد پیش کی گئی ہے۔
تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹری پیشہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈاکٹرز معاشی مسائل کے سبب مشکلات جھیل رہے ہیں۔ تحریک میں اس امر پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ ہزاروں قابل ڈاکٹرز مجبورا ملک چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
متن کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں بنیادی ڈھانچے، مناسب سہولیات اور ادویات کی شدید کمی ہے جبکہ نجی شعبے پر ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے یورپی معیار نافذ کرنے کی توقع رکھی جا رہی ہے۔
تحریک میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چھوٹے کلینکس پر بھاری جرمانے اور سخت اقدامات بنیادی ہیلتھ کیئر سسٹم کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ مطلب یہ ہے کہ چھوٹے کلینکس اور بڑے اسپتالوں کے لیے معیار کو سادہ اور عملی بنایا جائے اور بھاری جرمانے فوری طور پر روکے جائیں۔
تحریک میں درخواست کی گئی ہے کہ صحت کے شعبے کی خراب صورتحال کے باعث ڈاکٹروں اور سول سوسائٹی میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے، اس لیے اس تحریک التوا کو با ضابطہ تسلیم کر کے ایوان میں بحث کا موقع دیا جائے۔
اسی زمرے سے
پی ٹی آئی احتجاج کے باعث کئی مرکزی شاہراہیں اور موٹر ویز بند کرنے کا فیصلہ
18 گھنٹے قبل
پی ٹی آئی احتجاج، اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات
18 گھنٹے قبل
کراچی: مسجد کے پیش امام گھر میں فائرنگ سے جاں بحق
23 گھنٹے قبل
پاکستان ریلوے میں کفایت شعاری، ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس معطل، سرکاری فیول میں کمی
23 گھنٹے قبل