بدھ, 23 ستمبر 2026
around.pk

پاکستان و دنیا کی خبریں

پاکستان

پی ٹی آئی کے اسلام آباد احتجاج کا عندیہ، احتجاج مکمل طور پر پُرامن ہوگا: بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والا لانگ مارچ پُرامن ہوگا اور پارٹی نے کبھی مفاہمت کے دروازے بند نہیں کیے۔

22 ستمبر 2026, 11:00 صبح

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ انصاف نہ ملنے اور مطالبات نہ سنے جانے کی صورت میں پُرامن احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لانگ مارچ ضرور ہوگا اور پارٹی کارکن اسلام آباد آئیں گے لیکن احتجاج مکمل طور پر پُرامن رکھا جائے گا۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ پارٹی قیادت اور پارلیمانی گروپ کی متعدد ملاقاتیں ہو چکی ہیں اور ہمیشہ بہتری کی کوشش کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مفاہمت کا راستہ کبھی بند نہیں کیا اور مسائل کے حل کے لیے مسلسل بات چیت جاری رکھی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر ریاست سنجیدہ ہے تو اسے عملی اقدامات کرنا ہوں گے اور یہ محسوس کرانا ہوگا کہ ہمارے مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہو گا اور دارالحکومت میں بھی احتجاج پُرامن انداز میں ہوگا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ احتجاج کے دوران اسٹال لگیں گے اور میلے کا سا ماحول ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پارٹی نے مفاہمت کے دروازے بند نہیں کیے لیکن بانی چیئرمین کے خاندان کی خواتین اور کارکنان سے متعلق اقدامات پر ان کو تحفظات ہیں۔

انہوں نے ریاست سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اقدامات پر نظرثانی کرے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ریاست اور جمہوریت کو نقصان ہوگا اور ہمیں عوام کے راستے میں رکاوٹ پیدا نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک انصاف نہیں ملتا اور بنیادی مطالبات حل نہیں ہوتے، سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔

اسی زمرے سے