فیصل آباد ایئرپورٹ پر سکھ یاتریوں کو روکنے پر حکومت کو الٹی میٹم
مہندر پال سنگھ نے 92 سکھ یاتریوں کو بھارت روانہ نہ ہونے دینے پر حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
21 ستمبر 2026, 9:51 صبح
چند روز قبل فیصل آباد ایئرپورٹ پر 92 پاکستانی سکھ یاتریوں کو بھارت میں واقع شری ہیم کنٹ صاحب کی یاترا کے لیے پرواز میں سوار ہونے سے اچانک روک دیا گیا تھا۔ اس معاملے پر پنجاب کے سابق پارلیمانی سیکریٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور مہندر پال سنگھ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مہندر پال سنگھ نے اس حوالے سے حکومت اور متعلقہ حکام کو مسئلہ فوری حل کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر پہلے بھی حکام سے رابطہ کیا گیا مگر اب سکھ سنگت کی ہدایت پر وہ آخری بار وارننگ دے رہے ہیں کہ یاتریوں کے سفر میں حائل رکاوٹیں فوراً دور کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جس روز سکھ یاتریوں کو فیصل آباد ایئرپورٹ پر روک دیا گیا، اسی دن پاکستان سے ہندو یاتریوں کے دو وفود بھارت روانہ ہوئے۔ 15 ستمبر کی رات 84 ہندو یاتری اتحاد ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے کراچی سے ابوظہبی اور نئی دہلی پہنچے، جبکہ 16 ستمبر کو 118 ہندو یاتری اتحاد ایئرلائنز کی پرواز سے بھارت گئے۔
مہندر پال سنگھ نے بتایا کہ ہندو یاتریوں کا مقصد مدھیہ پردیش کے اشوک نگر میں واقع شری آنند پور صاحب آشرم کی زیارت کرنا تھا اور یہ وفود پاکستان ہندو مندر مینجمنٹ کمیٹی کے زیر انتظام روانہ ہوئے، اس لیے ان کے سفر میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئی۔ دوسری طرف، پنجاب کے سکھ یاتریوں کو فیصل آباد ایئرپورٹ پر ہی روک دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شری ہیم کنٹ صاحب کی یاترا کا سیزن سرد موسم کے باعث جلد ختم ہونے والا ہے، اس لیے اگر 92 سکھ یاتریوں کو اجازت نہ دی گئی تو ان کا مذہبی سفر متاثر ہو گا اور سکھ برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچے گی۔
اسی زمرے سے
پنجاب اسمبلی میں سرکاری اسپتالوں کی حالت پر تشویش، ن لیگی رکن کی تحریک التوا
18 گھنٹے قبل
پی ٹی آئی احتجاج کے باعث کئی مرکزی شاہراہیں اور موٹر ویز بند کرنے کا فیصلہ
18 گھنٹے قبل
پی ٹی آئی احتجاج، اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات
18 گھنٹے قبل
کراچی: مسجد کے پیش امام گھر میں فائرنگ سے جاں بحق
23 گھنٹے قبل