بالائی علاقوں میں بارش اور ممکنہ سیلاب کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا
این ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بارش اور سیلاب کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو تیاری کی ہدایت کر دی۔
25 ستمبر 2026, 11:58 صبح
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 25 سے 30 ستمبر کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں اور موسمی خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 25 اور 26 ستمبر کو مغربی ہواؤں کے سسٹم میں شدت آنے کا امکان ہے، جس کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ اس دوران پہاڑی علاقوں اور برساتی نالوں میں اچانک طغیانی جبکہ بعض مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
خصوصی طور پر گلگت بلتستان کے استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر، آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی، اور خیبر پختونخوا کے سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام اور مانسہرہ میں سیلابی خطرات ظاہر کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 30 ستمبر تک خطہ پوٹھوہار، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور بعض جگہ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات، میانوالی، خوشاب، بھکر، لیہ، سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور جھنگ میں شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب اور دیگر ممکنہ خطرات کے پیش نظر پیشگی تیاری مکمل رکھی جائے۔ ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اور ضروری وسائل پہلے سے تیار رکھنے اور بارش و ندی نالوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کا کہا گیا ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ برساتی ندی نالوں، پہاڑی نالوں اور پانی سے بھری سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز کریں اور نشیبی یا خطرے کی زد پر آنے والے علاقوں میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اس کے علاوہ این ڈی ایم اے نے عوام کو مستند موسمی صورتحال اور حفاظتی ہدایات کے لیے این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ استعمال کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔
اسی زمرے سے
کراچی: منگھوپیر اور سائٹ سپر ہائی وے میں مبینہ پولیس مقابلے، تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
3 گھنٹے قبل
اورنگی ٹاؤن میں ذہنی معذور شخص کو جن سمجھ کر قتل کرنے والا گرفتار
3 گھنٹے قبل
پشاور سول سیکریٹریٹ اور اہم دفاتر سیکیورٹی خدشات پر خالی کرا لیے گئے
12 گھنٹے قبل
حافظ نعیم الرحمٰن کا مطالبہ: پٹرولیم لیوی ختم نہ ہوئی تو لانگ مارچ دوبارہ ہوگا
12 گھنٹے قبل