اسلام آباد پر چڑھائی کی تو سخت کارروائی ہوگی، طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آئندہ اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش روک دی جائے گی اور ایسا کرنے والا دوبارہ اس کا سوچے گا بھی نہیں۔
22 ستمبر 2026, 10:44 صبح
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اگر اب دوبارہ اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کی گئی تو اس بار حکومت ایسی کارروائی کرے گی کہ آئندہ کسی کو اس کا خیال بھی نہیں آئے گا۔ انہوں نے یہ بات ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہی۔
طلال چوہدری نے کہا کہ حکومتی وسائل یا طاقت کے زور پر کسی شہر پر حملہ نہیں ہوسکتا۔ اگر اسلام آباد پر حملہ کیا گیا تو یہ آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والا توہین عدالت کا مرتکب ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی تاریخ 26 نومبر اور 9 مئی ہے، اور اس بار احتجاج یا چڑھائی کی صورت میں حکومت انتہائی مضبوط اقدام کرے گی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں احتجاج اور چڑھائی سے گریز کرنا ضروری ہے۔ صوبے کی طاقت کو وفاق کے خلاف استعمال کرنا درست نہیں۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جب بھی حالات بہتری کی طرف جاتے ہیں تو اس قسم کی سرگرمیاں شروع ہوجاتی ہیں، تاہم ایسی حرکات سے کسی کو فائدہ نہیں پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں ملاقاتیں قانون کے مطابق ہی ہوسکتی ہیں اور سڑکیں بند کرنے یا احتجاج سے جیل میں ملاقاتیں ممکن نہیں ہیں۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ پچھلے احتجاج کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں پر تشدد کیا گیا، انہیں مارا پیٹا اور گولیوں سے زخمی کیا گیا۔ تحریک انصاف کے صوبائی صدر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو سومنات بنانے کی باتیں کی جاتی ہیں جو کہ بدنظمی اور افرا تفری سے ہی ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین میں گورنر راج کا آپشن موجود ہے تاہم وفاقی حکومت کوئی فیصلہ جلد بازی میں نہیں کرنا چاہتی، بلکہ سیاسی لوگوں کو موقع دینا ترجیح ہے۔
اسی زمرے سے
پنجاب اسمبلی میں سرکاری اسپتالوں کی حالت پر تشویش، ن لیگی رکن کی تحریک التوا
18 گھنٹے قبل
پی ٹی آئی احتجاج کے باعث کئی مرکزی شاہراہیں اور موٹر ویز بند کرنے کا فیصلہ
18 گھنٹے قبل
پی ٹی آئی احتجاج، اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات
18 گھنٹے قبل
کراچی: مسجد کے پیش امام گھر میں فائرنگ سے جاں بحق
23 گھنٹے قبل