around.pk
Sunday, 29 November 2026
☀ کراچی 23°⛅ لاہور 14°⛅ اسلام آباد 13°
کاروبار

وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم: ایک کروڑ 84 لاکھ افراد مستفید، 52 ارب روپے تقسیم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹارگٹڈ فیول سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک ایک کروڑ 84 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں اور 52 ارب روپے سے زیادہ رقم تقسیم کی جا چکی ہے، جبکہ ٹوکنز کے استعمال کی مجموعی تعداد 10 کروڑ کا سنگ میل عبور کر گئی ہے۔

around.pk·6m ago

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ٹارگٹڈ اسکیم سے اب تک ایک کروڑ 84 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق اسکیم کے تحت اب تک 52 ارب روپے سے زیادہ رقم تقسیم کی جا چکی ہے، جبکہ ٹوکنز کے استعمال کی مجموعی تعداد 10 کروڑ کا سنگ میل بھی عبور کر گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت روزانہ اوسطاً ڈیڑھ لاکھ نئے صارفین کی رجسٹریشن عوام کے اعتماد اور حکومتی اقدامات کی کامیابی کو ظاہر کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور وسائل کو شفاف اور مؤثر انداز میں مستحقین تک پہنچانے کے لیے وفاقی حکومت کے تمام متعلقہ ادارے اور وزارتیں مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل نہ کرنے کے لیے یہ اسکیم شروع کی گئی تھی اور ستمبر میں آغاز کے بعد سے اب تک ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی جاری ہے۔ وزیراعظم کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت خزانہ، وزارت پٹرولیم، وزارت اطلاعات و نشریات اور دیگر متعلقہ اداروں کی مربوط کاوشوں سے اسکیم پر مؤثر عمل درآمد ممکن ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جس سے عام آدمی، محنت کش طبقے اور محدود آمدن والے خاندانوں کو براہ راست ریلیف مل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود اور معاشی مشکلات میں کمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکیم پر عمل درآمد کے دوران شفافیت، مؤثر نگرانی اور عوام کو سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور مستفید شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

واضح رہے کہ یہ اسکیم حکومت کی جانب سے مہنگائی کے اثرات کم کرنے اور محدود آمدن والے طبقات کو ریلیف دینے کے لیے شروع کی گئی تھی، اور اس کے تحت رجسٹریشن کا عمل مسلسل جاری ہے۔

اب تک کی کہانی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی

  1. فیول سبسڈی اسکیم: صارفین کی تعداد 1 کروڑ 84 لاکھ سے تجاوز کر گئی
  2. آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے نئے منصوبے، فائبرائزیشن پروگرام پر عمل درآمد شروع
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں