بدھ, 23 ستمبر 2026
around.pk

پاکستان و دنیا کی خبریں

کاروبار

پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات آج سے شروع، 1.2 ارب ڈالر ملنے کی توقع

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان مذاکرات آج سے آغاز پذیر ہو گئے۔ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر ملنے کا امکان ہے۔

23 ستمبر 2026, 6:47 صبح

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات آج سے شروع ہو رہے ہیں۔ اگر یہ مذاکرات کامیاب ہو جاتے ہیں تو پاکستان کو مجموعی طور پر 1.2 ارب ڈالر ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلٹی پروگرام کے تحت اقتصادی جائزے کے لیے آئی ایم ایف کا وفد پاکستان پہنچ چکا ہے۔ قرض پروگرام کی پانچویں قسط کے لیے مذاکرات دو ہفتے تک جاری رہیں گے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آج سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام کے ساتھ آئی ایم ایف مشن تکنیکی مذاکرات کا آغاز کرے گا۔ ان مذاکرات میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ، بنیادی شرح سود اور زر مبادلہ کی شرح سمیت دیگر مالیاتی امور پر گفتگو ہوگی جبکہ اسٹیٹ بینک حکام آئی ایم ایف وفد کو ملکی معاشی کارکردگی پر بریفنگ دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب ڈالر سے زیادہ رکھنے کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔ آئی ایم ایف کے وفد کو یورو بانڈ کے اجرا اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق، 25 ستمبر کو آئی ایم ایف وفد اسٹیٹ بینک سے مذاکرات کے بعد اسلام آباد روانہ ہوگا، جہاں وزارت خزانہ، نجکاری، توانائی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ساتھ مذاکرات آگے بڑھیں گے۔ بات چیت میں معاشی اصلاحات، اسٹرکچرل بینچ مارکس اور توانائی سمیت بجلی و گیس کے شعبوں سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر اضافی ملنے کا بھی امکان ہے۔

اسی زمرے سے