around.pk
Thursday, 12 November 2026
⛅ کراچی 26°⛅ لاہور 22°🌧 اسلام آباد 16°
صحت

خیبرپختونخوا کے میڈیکل ٹیچنگ ہسپتالوں میں ٹرینی رجسٹرار کی آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ، 500 ڈاکٹروں کی ملازمتوں پر خطرہ

خیبرپختونخوا میں میڈیکل ٹیچنگ اداروں کی پالیسی بورڈ نے ٹرینی رجسٹرار کی آسامیاں ختم کرنے اور تمام متعلقہ اشتہارات واپس لینے کی ہدایت دی ہے، جس سے صوبے بھر کے تدریسی ہسپتالوں میں تعینات تقریباً 500 ٹرینی میڈیکل آفیسرز متاثر ہو سکتے ہیں۔

around.pk·19m ago

خیبرپختونخوا میں میڈیکل ٹیچنگ اداروں کی پالیسی بورڈ نے صوبے کے تدریسی ہسپتالوں میں ٹرینی رجسٹرار کی آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں مختلف میڈیکل ٹیچنگ ہسپتالوں میں تعینات تقریباً 500 ٹرینی میڈیکل آفیسرز کے فارغ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پالیسی بورڈ نے تمام بورڈز آف گورنرز کو ہدایت دی ہے کہ ٹرینی رجسٹرار کی بھرتیوں سے متعلق جاری کردہ اشتہارات فوری طور پر واپس لیے جائیں۔

پالیسی بورڈ کی جانب سے یکم ستمبر 2026 کو جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹرینی رجسٹرار کی آسامیوں کے ذریعے ایسے ٹرینی میڈیکل آفیسرز کی تربیت میں توسیع کا راستہ فراہم کیا جا رہا تھا جو اپنی تربیت مکمل کرنے کے باوجود ایف سی پی ایس کا امتحان پاس نہیں کر سکے۔ مراسلے کے مطابق ایک ہی عرصے میں تربیت حاصل کرنے والے ایسے ڈاکٹروں کو اس سہولت سے محروم رکھنا مناسب نہیں جنہوں نے ایف سی پی ایس امتحان کامیابی سے پاس کیا، لہٰذا ٹرینی رجسٹرار کی آسامیوں کو برقرار رکھنے کا کوئی جواز موجود نہیں۔

وضاحت کی گئی ہے کہ ایف سی پی ایس امتحان پاس کرنے والے نوجوان ڈاکٹروں کے لیے دو سالہ تجربہ حاصل کرنے کی غرض سے ایکسپیرینشل رجسٹرار کی آسامیاں پہلے سے موجود ہیں، جن کا مقصد ڈاکٹروں کو فیکلٹی کی آسامیوں کے لیے مطلوبہ اہلیت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ان آسامیوں کی مدت زیادہ سے زیادہ دو سال ہوگی، جبکہ متعلقہ شعبے کو اس دوران تربیتی پروگرام اور کارکردگی کے اہداف مقرر کرنے ہوں گے۔ پالیسی بورڈ کے مطابق ایکسپیرینشل رجسٹرارز کی کارکردگی کا ایک سال بعد جائزہ لیا جائے گا اور غیر تسلی بخش پیش رفت کی صورت میں اصلاحی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ نمایاں عدم کارکردگی پر متعلقہ ڈاکٹر کو عہدے سے ہٹایا بھی جا سکے گا۔

مراسلے میں تمام میڈیکل ٹیچنگ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹرینی رجسٹرار کی آسامیوں کے تمام زیر عمل اشتہارات فوری واپس لیے جائیں اور ان آسامیوں پر پہلے سے تعینات ڈاکٹروں کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کیا جائے۔ تاہم موجودہ تعینات ڈاکٹروں کو قانونی اور معاہداتی تقاضوں کے مطابق زیادہ سے زیادہ تین ماہ تک کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ ان کے ابتدائی معاہدے میں کم از کم تین ماہ کی مدت باقی ہو۔

اس فیصلے سے صوبے کے مختلف میڈیکل ٹیچنگ ہسپتالوں میں کام کرنے والے تقریباً 500 ٹرینی میڈیکل آفیسرز کا مستقبل متاثر ہونے کا امکان ہے، جبکہ ان کی ملازمتوں کے خاتمے سے تدریسی ہسپتالوں میں طبی عملے کی دستیابی اور مستقبل کی پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے بھی نئے سوالات جنم لے سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے ٹرینی ڈاکٹروں کی بڑی تعداد شدید بے چینی کا شکار ہو چکی ہے اور حکومت سے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

ٹرینی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پہلے بڑے ہسپتالوں بشمول لیڈی ریڈنگ ہسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور گردے کے امراض کے ہسپتال میں ٹرینی رجسٹرار کی پوسٹوں پر ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹرینی رجسٹرار میڈیکل ٹیچنگ اداروں سے قبل جونیئر رجسٹرار تھے اور ان سرکاری ملازمین کو مختلف اضلاع سے بڑے ہسپتالوں میں دو سے تین سال کے لیے لایا جاتا تھا تاکہ وہ تربیت اور جدید طریقہ علاج سے مستفید ہو سکیں، جس کے بعد انہیں دوبارہ اضلاع میں بھیجا جاتا تھا۔ ان کے مطابق اب ان پوسٹوں کو بھی ختم کیا جا رہا ہے، جو انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔

اب تک کی کہانی خیبر پختونخوا

  1. کویت پٹرولیم اور پی ایس او کا گیس آئل اور جیٹ فیول کی فراہمی جاری رکھنے پر اتفاق
  2. پشاور چڑیا گھر میں نایاب سفید شیروں کے بچوں کی بیماری پر خیبر پختونخوا حکومت نے رپورٹ طلب کر لی
  3. بلوچستان میں معدنیات، تیل و گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
  4. خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
خیبر پختونخواحیات آباد میڈیکل کمپلیکسایف سی پی ایسلیڈی ریڈنگ ہسپتالمیڈیکل ٹیچنگ اداروں کی پالیسی بورڈٹرینی میڈیکل آفیسرز

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں