پٹرول سبسڈی پر آئی ایم ایف کا کوئی سنجیدہ اعتراض نہیں، شہباز شریف
وزیراعظم نے کہا کہ مستحق افراد کو دی جانے والی پٹرول سبسڈی پر آئی ایم ایف نے کوئی سنجیدہ تحفظات ظاہر نہیں کیے۔
23 ستمبر 2026, 9:20 شام
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرول پر مستحق افراد کے لیے دی جانے والی 100 روپے فی لٹر سبسڈی کے معاملے پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے کوئی سنجیدہ تحفظات سامنے نہیں آئے۔
وزیراعظم نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ان کی ملاقات آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ہوئی، جس میں پٹرول سبسڈی کا موضوع بھی زیر بحث آیا۔ ان کے مطابق انہوں نے آئی ایم ایف سربراہ کو پاکستان میں مہنگائی اور معاشی دباؤ کے باعث غریب طبقے کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت شفاف اور جامع طریقے سے مستحق افراد کو 100 روپے فی لٹر کے حساب سے ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کر رہی ہے اور اس پر آئی ایم ایف کی طرف سے کسی قسم کا اعتراض نہیں کیا گیا۔
شہباز شریف نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پاکستان کے سبسڈی پروگرام اور اصلاحات سے متعلق مثبت رائے دی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان ایک اچھا پروگرام پیش کر رہا ہے۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے اپنی ایکس پوسٹ میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں پاکستان میں جاری اصلاحات پر بات ہوئی ہے۔ ان کے مطابق ان اصلاحات سے پاکستان میں معاشی استحکام برقرار رہنے، اعتماد بحال ہونے اور عالمی منڈی تک رسائی میں مدد ملی ہے۔ کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنے سے ملک میں ترقی اور عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔
اسی زمرے سے
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی، نئی قیمتوں کا اطلاق 24 ستمبر سے
12 گھنٹے قبل
سونے اور چاندی کی عالمی و مقامی قیمتوں میں نمایاں کمی
19 گھنٹے قبل
پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات آج سے شروع، 1.2 ارب ڈالر ملنے کی توقع
23 گھنٹے قبل
پی آئی اے کی نئی انتظامیہ نے نیا تنظیمی ڈھانچہ جاری کر دیا
2 دن قبل